• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم ذاتیات پر اُتر آئے ہیں، ایاز صادق


مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ذاتیات پر اتر آئے ہیں، حکومت نے ذاتی عناد کی وجہ سے لاہور میں مودی اور بھارتی پرچم کی تصاویر لگائیں۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دو بار الیکشن ہارے۔

ایازصادق نے کہا کہ میں 2002 سے منتخب ہوتا آیا ہوں، آپ کو بار بار غدار کہا جائے تو آپ کیا کریں گے جبکہ میں نے حکومت کی جو بات کی وہ ٹھیک کی۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت کا جھنڈا اور مودی کی تصویر لگانے کا کوئی جواز نہیں بنتا، اس کا کوئی جواز نہیں اور یہ افسوسناک بات ہے۔

اپنے بیان میں ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں نے اس حکومت اور وزراء کے بارے میں جو بات کہنا تھی کہہ دی اور وضاحت بھی کردی، اب مجھے وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میں نے 2002 سے کبھی ایسی بات نہیں کی لیکن اگر آپ کو روز یہ کہا جائے کہ مودی کی روح آپ میں آگئی ہے۔

اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر کوئی آپ کو یہ بولے کہ آپ بھارت کے ہیں اور غدار ہیں تو کیا آپ کا دل نہیں دُکھے گا، کیا آپ کبھی جذبات میں آکر کوئی ایسی بات نہیں کریں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی ایشو کو سیاسی رہنا چاہیے، ہم وہ بات کریں جو قومی مفاد کی ہو، ایاز صادق نے مزید کہا کہ اتنا نہ اُکساؤ کہ کوئی اور ایسی بات ہوجائے، اس لیے اسے یہیں چھوڑ دینا چاہیے۔

تازہ ترین