• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیسے ہی PDMقیادت فیصلہ کریگی ن لیگ استعفے پیش کردیگی، رانا ثناء


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ میں استعفوں کے معاملہ پر کوئی ابہام نہیں ہے، جیسے ہی پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرے گی ن لیگ استعفے پیش کرد ے گی، نواز شریف نے اے پی سی میں یقین دہانی کروائی تھی جیسے ہی پی ڈی ایم استعفوں کا اعلان کرے گی استعفے دیدیں گے، شہباز شریف نے مریم نواز سے ملاقات میں لاہور جلسہ ہر صورت کامیاب بنانے کی بات کی ہے، شہباز شریف نے پارٹی صدر اور بزرگ ہونے کے ناتے مریم نواز کو جلسے کیلئے خود نکلنے کا حکم دیا ہے، مریم نواز لوگوں کو قائل کرنے کیلئے لاہور میں خود نکلنے کا پروگرام بنایا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ چینی، آٹے ، گیس اور بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں، لوگوں کے گھروں میں بھوک کے ڈیرے ہیں، ریڑھی والے سے لے کر فیکٹری والے تک سب رورہے ہیں، عمران خان نے پوری قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے اور فراڈ کیا ہے، حکومت سے کوئی بات کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ادارہ جاتی ڈائیلاگ پارلیمنٹ کے ذریعہ ہوں، پارلیمنٹ کی سطح پر ساری چیزیں طے ہوں اور سیاسی عدم استحکام ختم ہو۔شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیے میںکہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آرہی ہے، اس ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اعشاریہ دو تین فیصد کی کمی آئی ہے، اس ہفتے چینی کی قیمتوں میں 7.56فیصد کی کمی آئی ہے، آٹے کی قیمت میں صرف 0.38فیصد کی کمی دیکھی گئی، گندم کی درآمد ہونے کے باوجود مارکیٹ میں سگنل نہیں گیا ہے کہ تیزی سے قیمتیں نیچے آئیں۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے 13دسمبر کو لاہور جلسے میں بڑے اعلانات کی توقع ہے، استعفوں سمیت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا آپشن بھی زیرغور ہے،اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ حکومت کیلئے آخری دھکا ثابت ہوگا لیکن حکومت پراعتماد ہے کہ اسے کوئی خطرہ نہیں ہے، ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے پرول ختم ہونے پر جیل جانے سے پہلے مریم نواز کو اہم پیغامات دیئے ہیں، مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے درمیان ملاقات میں لاہور جلسے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاقات میں استعفوں کے آپشن پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

تازہ ترین