گزشتہ دنوں دین اسلام کی خاطر ہمیشہ کے لیے ماڈلنگ چھوڑنے والی انعم ملک نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منافقت پر کسی کی ہاں میں ہاں نہیں ملانی چاہیے۔
ہمیشہ کے لیے ماڈلنگ کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کرنے والی پاکستان فیشن انڈسٹری کی سابقہ ماڈل انعم ملک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے۔
مذکورہ تصویر میں انعم ملک نے خوبصورت حجاب پہنا ہوا ہے جبکہ وہ کھڑکی سے باہر دیکھ رہی ہیں۔
انعم ملک نے اپنی تصویر کو ایک معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’سب سے بہترین بات یہ ہے کہ منافقت پر کسی کی ہاں میں ہاں ملانے کی بجائے اُس سے کنارہ کشی اختیار کرلی جائے۔‘
سابقہ ماڈل نے لکھا کہ ’اور اگر یہ بھی نہ کر سکو تو خاموش رہو۔‘
انعم ملک کے اس معنی خیز پیغام پر جہاں ہزاروں لائکس آرہے ہیں تو وہیں صارفین کا کہنا ہے کہ وہ اُنہیں روزانہ اپنی اچھی باتوں سے متاثر کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ انعم ملک نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے حجاب پہننے پر آپ سب کی حوصلہ افزائی او ر پیار کا بہت شکریہ۔‘
انعم ملک نے کہا تھا کہ ’لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے ماڈلنگ چھوڑ کر حجاب پہننا کیوں شروع کیا۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’انشاءاللّہ میں اس حوالے سے آپ سب کو ضرور بتاؤں گی اور بہت جلد اپنے اس نئے سفر کے بارے میں بھی بات کروں گی۔‘
واضح رہے کہ انعم ملک متعدد مشہور برانڈز اور ڈیزائنرز کے ساتھ کام کر چکی ہیں، ان کا شمار پاکستان کی معروف ماڈلز میں ہوتا ہے جبکہ اُن کے ہاں رواں سال بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔