• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولش خاتون کی بیٹی حوالگی: عدالت کا باپ بیٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

پولش خاتون کی بیٹی پاکستانی شوہر سے واپس لینے کےلیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے باپ عدیل خان اور بیٹی انیتا مریم کا نام ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ 

عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو آئی بی، ایف آئی اے اور نادرا افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی محکمہ داخلہ اور آئی جی سندھ سے بچی اور اُس کے والد کو ٹریس کرنے کےلیے مدد لے۔ جے آئی ٹی کے نوٹیفکیشن تک ڈی جی ایف آئی اے ڈائریکٹر ہیومن ٹریفکنگ کراچی کو تفصیلات فراہم کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ بھی عدیل خان اور بیٹی کو ٹریس کرنے میں تعاون کریں۔ نادرا حکام ڈیٹابیس سے عدیل خان کی فیملی ٹری اور دیگر معلومات حاصل کرکے لوکیشن حاصل کریں۔ جے آئی ٹی عدیل خان کے شناختی کارڈز نمبر پر رجسٹرڈ موبائل سمز کی بھی معلومات حاصل کرے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ ایف آئی اے حکام کے مطابق عدیل خان نے آخری بار 18 دسمبر 2024 کو جناح ایئرپورٹ کراچی پر لینڈ کیا۔ یہ پہلو اس بات کو واضح کرتا ہے کہ عدیل خان اب بھی پاکستان میں ہی موجود ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ شوہر میرے اسپتال داخل ہونے کے دوران انیتا مریم کو جنوری 2022 میں پاکستان لے آیا۔ کیس پولینڈ کی عدالت میں زیر سماعت ہونے کے دوران شوہر بدنیتی سے بیٹی کو پاکستان لے آیا۔

خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ پولینڈ کی عدالت نے نومبر 2022 میں بیٹی کو 6 ماہ میں پاکستان سے پولینڈ لانے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت 21 جنوری 2025 تک ملتوی کردی۔

قومی خبریں سے مزید