• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکشے کمار کو ڈمپل کپاڈیا کا داماد ہونے پر فخر کیوں؟

بالی ووڈ کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار کو ڈمپل کپاڈیا کا داماد ہونے پر اُس وقت فخر محسوس ہوا جب ہالی ووڈ فلم ’ٹینیٹ‘ کے ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان نے ڈمپل کپاڈیا کے لیے تعریفی خط لکھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشہور ہالی ووڈ ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان کی فلم ’ٹینیٹ‘ گزشتہ روز بھارت بھر میں ریلیز کردی گئی ہے، اس فلم کی کہانی عالمی شہرت یافتہ جاسوسوں کی ٹیم کے نئے مشن کے گرد گھوم رہی ہے۔

فلم کی ریلیز سے ایک روز قبل فلم کی کاسٹ میں شامل اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کو ہدایتکار رسٹوفر نولان کی جانب سے خصوصی نوٹ ملا۔

اکشے کمار جن کی شادی ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ سے ہوئی ہے، انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’ڈمپل کپاڈیا کو کرسٹوفر نولان کی جانب سے خط ملنا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے، میں اس موقع پر ڈمپل کپاڈیا کا داماد ہونے پر بے حد فخر محسوس کررہا ہوں۔‘

اکشے کمار نےاپنے ٹوئٹ میں کرسٹوفر نولان کی جانب سے ڈمپل کو بھیجے گئے خط کی تصویر بھی شیئر کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’آپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بے حد خوشی کی بات ہے، اس فلم میں آپ کی بہترین اداکارانہ صلاحیتوں اور آپ کا سخت محنت کے ساتھ کام کرنے کا بہت شکریہ۔‘

واضح رہے کہ بھارت میں فلم ٹینیٹ کی ریلیز سے ایک روز قبل کرسٹوفر نولان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے بھارت میں شوٹ کیے گئے مناظر کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میری نظر میں اس فلم کےجو سب سے بہترین اور دلچسپ مناظر ہیں اُن میں سے کچھ ڈمپل کپاڈیا کے ساتھ تھے۔

کرسٹوفر نولان نے مزید کہا کہ ’ہمارا بھارت میں شوٹنگ کے دوران بہترین وقت گزرا۔‘

اس کے علاوہ انہوں نے مزید لکھا کہ ’اُمید ہے آپ سب بڑی اسکرین پر یہ فلم دیکھیں گے اور اس سے لطف اندوز ہوں گے، آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘

فلم ٹینیٹ میں بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کے علاوہ جان ڈیوڈ واشنگٹن، رابرٹ پیٹنسن، الزبتھ ڈیبیکی اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

تازہ ترین