• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کے مقبول لیڈروں کو مجرم بنادیا گیا، رہبر راہزن بنادئیے گئے، نواز شریف


سابق وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کے مقبول لیڈروں کو مجرم بنادیا گیا، رہبر راہزن بنادیے گئے ہیں۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2017 سے اب تک سوشل میڈیا کارکنوں نے ووٹ کی عزت بحالی کے لیے ’ففتھ جنرشن ٹرولز‘ کا بے خوف ہو کر مقابلہ کیا، سوشل میڈیا کارکنوں نے ن لیگ کا مان رکھا، فرنٹ لائن وارئیرز بن کر دکھایا۔

 نواز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا کارکنوں نے ن لیگ کا سر فخر سے بلند کردیا، میرے پاس شکریہ ادا کرنے کے الفاظ نہیں، دل کرتا ہے کہ آپ کو گلے لگالوں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا سوشل میڈیا پر کوئی ثانی نہیں، آپ پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، مریم نواز نے انتھک محنت سے ن لیگ کی سوشل میڈیا شناخت کی داغ بیل ڈالی۔

 نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں آزادی اظہار کا گلہ گھونٹ کر رکھا ہوا ہے، کنٹرولڈ میڈیا کے ذریعے ن لیگ کی تحریک کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے، مہنگائی کی فکر کرنے کے بجائے انہیں نواز شریف کا راستہ روکنے کی پڑی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سیاہ کو سفید ثابت کرنے کا کام لیا جارہا ہے، یاد رکھیں، دنیا بدل چکی ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے آزادی اظہار کا نیا ذریعہ سامنے آچکا ہے، سوشل میڈیا جابروں کے شکنجے سے آزاد ہے۔


انہوں نے کہا کہ  آزاد سوشل میڈیا کی وجہ سے اب سچ کو چھپانا، عام آدمی کی آواز کو دبانا ممکن نہیں، سوشل میڈیا کی وجہ سے عام آدمی کی معلومات تک رسائی بڑھی، سوچ تبدیل ہوئی، یہ سفر جاری رہا تو ہم ووٹ کو عزت دلانے میں ضرور سرخرو ہونگے۔

 نواز شریف نے کہا کہ آمریتوں کا زوال شروع ہوچکا، گھبرائیے نہیں انشااللّٰہ آخری فتح حق اور سچ کی ہوگی، سلیکٹڈ حکومت ہچکولے کھاتی آخری سانسیں لیتی نظر آرہی ہے۔

تازہ ترین