• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی اجتماعات کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حالیہ اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔

ایک بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں سیاسی اجتماعات کورونا پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے پشاور اور ملتان کے جلسوں کے بعد سے کورونا کیسز اور اموات بڑھ گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے ان اجتماعات کا انعقاد قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنما خود تو گھر کے پُرآسائش ماحول میں قرنطینہ میں ہیں جبکہ کارکنوں کو سڑکوں پر لے آئے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے کارکنوں اور عوام کو ذاتی سیاسی مفاد کے تحفظ کے لیے ایندھن کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہےگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے سبب اپنوں کو کھونے والے باشعور عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

تازہ ترین