امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت غریب کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کے مارے عوام دن رات تبدیلی کو کوسنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو پٹری پر ڈالنے کے دعوے کرنے والے آٹے دال کا بھاؤ معلوم کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے اپنے آدھے دور حکومت میں ہی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیروزگاری نے لاکھوں محنت کشوں، مزدوروں کو سڑکوں پر کھڑا کر دیا ہے، غریب روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اداروں کو ٹھیک کرنے کا کہنے والے سب کچھ بیچنے پر تُلے ہوئے ہیں، اسٹیل ملز سے لیکر ریلویز اور پی آئی اے وینٹی لیٹر پر جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیڈگورننس، لا اینڈ آرڈر کی مخدوش صورتحال تبدیلی حکومت کے تحفے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آکسیجن نہ ملنے سے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں 8 مریضوں کی موت بڑا سانحہ ہے، جس کی فوری طور پر تحقیقات کروائی جائیں اور ذمے داروں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔