• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی تبدیلی کا واحد راستہ الیکشن ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کا واحد راستہ الیکشن ہے۔

بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ایک شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 2 ہفتوں کے لیے جلسوں کی چھٹی کردی ہے، 14دن کے بعد پھر جلسے کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ان دو ہفتوں کے دوران حکومت عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کوئی دوا دینا چاہتی ہے تو دیدے۔


ان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کے لیے جتنا پیسہ باہر سے لائی ہے وہ اپنے اوپر خرچ کررہی ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم اپنا اور ہم اپنا کام کررہے ہیں، وہ صرف عمران خان کی حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں اور ہم نظام میں تبدیلی اور نظام مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنیادی طور پر نظام کی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے، ہمارے جلسے بڑھتی مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے خلاف ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ 14دن بعد ہمارا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوگا، اس کے بعد ہم جنوبی پنجاب میں بڑے بڑے جلسے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خارجہ محاذ پر بالکل تنہا ہوچکا، اب کوئی ہمارا دوست نہیں رہا، سعودی عرب نے وقت سے پہلے ہی اپنے قرضے مانگ لیے ہیں۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کشمیر موجودہ حکومت نے بغیر لڑے ہی بھارت کے حوالے کردیا ہے ۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حالیہ انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسحاق ڈار اور دیگر کی جائیدادوں کے بارے میں یہ لوگ خود جانتے ہیں یا اللّٰہ جانتے ہیں۔

تازہ ترین