• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن کلاسز سے تعلیم متاثر، ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں، شفقت محمود

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ آن لائن کلاسزسے تعلیم متاثر،ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں، وفاقی حکومت نے کورونا وائرس بحران کے دوران تعلیم کے حوالے سے کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کیا، ہمیشہ تمام صوبائی حکومتوں کو آن بورڈ رکھ کر فیصلے کئے ، بلاشبہ سکولوں میں براہ راست تعلیم حاصل کرنے کا کوئی متبادل نہیں ہے اور آن لائن کلاسز سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے لیکن موجودہ وبائی صورتحال میں ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن بھی نہیں ہے۔

اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ان لوگوں کو این آر او نہیں دے گی جنہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران بے دردی کے ساتھ قومی خزانے کو لوٹا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ حکومت قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کیلئے تیار ہے لیکن بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت قانون کی حکمرانی کا نام ہے اور قانون کے سامنے سب برابر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے تجاویز حکومت کیلئے قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ وہ احتساب کے ادارے کو غیرموثر بنانا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کورونا کی دوسری لہر کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلسے جلوسوں سے گریز کرے۔

تازہ ترین