• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی حکومت غریب کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، سراج الحق

لاہور،بدوملہی(نمائندگان جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت غریب کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے،غربت مہنگائی کے مارے عوام دن رات تبدیلی کو کوسنے پر مجبور ہیں۔آکسیجن نہ ملنے پر خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کی موت بڑا سانحہ، تحقیقات ہونی چاہیں، معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے کے دعوے کرنے والے آٹے دال کا بھائو معلوم کریں، آکسیجن نہ ملنے پر خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آٹھ مریضوں کی موت بڑا سانحہ ہے، فوری تحقیقات ہونی چاہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خان پور ضلع دیر میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے قبل ازیں جماعت اسلامی ضلع دیر کے سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر اللہ کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے دعوؤں پر عوام کو دھوکہ دینے والوں نے اپنے آدھے دور حکومت میں ہی ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے پی میں تبدیلی کے بلندو بانگ دعوے کرتے نہیں تھکتے لیکن ان کی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی ناک تلے آٹھ مریض آکسیجن جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔جماعت اسلامی جاں بحق ہونے والے مریضوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر ان کا ساتھ دے گی۔

تازہ ترین