اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی حکومت مضبوط ہے، اپوزیشن ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرے، ان کا کہنا تھا کہ جلسہ کرنا پی ڈی ایم کا جمہوری حق ہے لیکن لوگوں کی زندگیوں سے نہیں کھیلا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں قائم میڈیا روم کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو جلسے جلوس میں کورونا کی احتیاطی تدابیر کا خیال رکھناچاہیے، اس وباء کے خلاف سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب اسپیکر نے کہا کہ ان کے اور وزیر اعلیٰ جام کمال کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، تعلقات اچھے ہیں، اگر تعلقات اچھے نا ہوتے تو وہ اسپیکر نہ ہوتے، جام کمال کی پوزیشن مضبوط ہے، ان کی وزارتِ اعلیٰ کو کوئی خطرہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء اسمبلی کی کارروائی میں دلچسپی نہیں لیتے ہیں، وزراء اور سیکرٹریز کی حاضریوں سے متعلق وزیر اعلیٰ کو لکھا گیا ہے۔