اسلام آباد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہےپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتیں سندھ حکومت، مرکزی حکومت، سینیٹ سے نکلنے کا فیصلہ کریں تو جماعت اسلامی بھی استعفوں پرسوچ سکتی ہے،سندھ حکومت چھوڑے، اپوزیشن جماعتوں کے اب بھی حکومت سے رابطے ہیں، مارشل لاء نہ موجودہ حالات میں مسائل کا حل ہے اور نہ پہلے تھا، ملک میں غریبوں کے لیے عدالتوں میں انصاف نہیں، اسپتالوں میں علاج نہیں، پی ڈی ایم میں شامل سب ہی جماعتوں نے اقتدار کے مزے لوٹے، لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا۔ اب تبدیلی کے دعوے دار لوگوں کا خون نچوڑ رہے ہیں اور انھیں لنگرخانوں کے باہر کھڑا کر دیا ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7اموات کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوا،وزیراعلیٰ کے پی کے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 7 لوگوں کا آکسیجن کی عدم دستیابی کی وجہ سے چل بسنا بڑا سانحہ ہے، مسلط حکمران طبقے نے صحت اور تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے آج تک کوئی قدم نہیں اٹھایا،حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں اصل راج مافیاز کا ہے،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی جماعتوں میں کوئی فرق نہیں۔کئی اپوزیشن پارٹیوں کے اب بھی حکومت سے رابطے ہیں، انھوں نے ماضی میں بھی ایف اے ٹی ایف، سینیٹ چیئرمین کے الیکشن اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سمیت دیگر اقدامات پر حکومت کا ساتھ دیا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کیا پی پی سندھ حکومت کی قربانی دینے کو تیار ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو ہم بھی سوچیں گے۔ انھوں نے کہالوگوں کو اسٹیٹس کو کے چنگل سے نجات دلانا ہی جماعت اسلامی کی جدوجہد کاحاصل ہے۔