کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ سندھ حکومت بے روزگار نوجوانوں کی میرٹ پر خالی ملازمتوں پر بھرتی شروع کرے۔
بلاول بھٹو سے وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ ‘پی پی پی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور‘ پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ ، اور صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزمان نے پیر کو بلاول ہائوس میں الگ الگ ملاقات کی۔
مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین کو صوبے میں ترقی کی رفتار اور ترقیاتی منصوبوں پربریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کے واجب الادا حصہ سے کم ادائیگیاں ترقی میں رکاوٹ ہے۔
حکومت سندھ نے اب تک ٹیکس وصولی کے اپنے اہداف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نے مراد علی شاہ سے کہا کہ سندھ حکومت بے روزگار نوجوانوں کو ریلیف اور انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے میرٹ پر خالی ملازمتوں پر بھرتی شروع کرے۔
اس سلسلے میں سندھ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے بھی صوبے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کر سکتی ہے ۔
فریال تالپور اورنثار احمد کھوڑو سے ملاقات میں پی پی پی چیئرمین نے صوبے کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ نوجوانوں کو میریٹ پر روزگار فراہم کریں۔ دریں اثناء اویس شاہ نے پارٹی چیئرمین کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی سے آگاہ کیا ‘مخدوم جمیل الزماں کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میںچیئرمین نے صوبائی وزیر ریونیو مخدوم محبوب الزمان سے ملکی اور ضلع مٹیاری کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔