• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج ڈکشنری میں لفظ ’اچھا‘ شامل کرلیا گیا

دنیا کی معتبر انگریزی ڈکشنری ’کیمبرج‘ میں اردو زبان کا سب سے زیادہ بولے جانے والا لفظ ’اچھا‘ شامل کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈکشنری میں اچھا لفظ کو شامل کرتے ہوئے اس کے معنی خوشی اور حیرت کے اظہار کے طور پر بیان کیے گئے ہیں۔

ڈکشنری میں ساتھ ہی جملے کو استعمال کرنے کی مثال بھی دی گئی ہے۔

مثالی جملے میں بتایا گیا ہے کہ ’میں اسے آدھی قیمت پر خریدنے میں کامیاب ہوگیا‘ پھر مثال میں دوسرے شخص کی جانب سے خوشی و حیرت کے اظہار کے طور پر لفظ ’اچھا‘ لکھا گیا ہے۔

ڈکشنری میں اچھا لفظ شامل کیے جانے کے ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ مذکورہ لفظ بھارتی انگریزی میں بھی عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈکشنری کا حصہ بننے والے  لفظ ’اچھا‘ ناصرف اردو بولنے والے بولتے ہیں بلکہ پاکستان و ہندوستان میں بولی جانے والی دیگر ہندی، پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی و سرائیکی سمیت دیگر زبانوں میں بھی اب استعمال کیا جاتا ہے۔

کیمبرج ڈکشنری کے ماہر لسانیات ہر سال دنیا کی مختلف زبانوں کے عام الفاظ کو ڈکشنری کا حصہ بناتے ہیں۔

یاد رہے کہ کیمبرج ڈکشنری نے رواں سال کا ’ورڈ آف دی ائیر‘ ’کورانٹائن‘ (قرنطینہ) کو قرار دیا تھا۔

کورانٹائن لفظ اس سال میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے الفاظ میں تیسرے نمبر پر آیا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک ڈکشنری میں دنیا بھر کی زبانوں سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب الفاظ شامل کیے جا چکے ہیں

تازہ ترین