• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی چھوڑنے کی اصل کہانی کیا؟


لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں پانی چھوڑے جانے کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت آمنے سامنے آگئی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مینار پاکستان پارک میں پانی چھوڑے جانے کی ویڈیو شیئر کی۔

انہوں نے ویڈیو میں الزام لگایا کہ حکومت کی طرف سے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا جلسہ روکنے کے لیے مینار پاکستان پر پانی چھوڑا جارہا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان الزامات اور جوابی بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اپوزیشن اتحاد کا جلسہ 13 دسمبر کو ہونا ہے، جیو نیوز نے اس معاملےکی کہانی میں چھپے سچ کا سراغ لگالیا ہے۔


چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی نے کہا کہ مینار پاکستان کے ایک پلاٹ میں معمول کے تحت پانی لگایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھاس کو پانی اس لیے دیا گیا ہے تاکہ پارک کی ہریالی برقرار رہے اور معمول کے مطابق کیا گیا اقدام ہے۔

اس سے قبل ن لیگی سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جلسہ روکنے کے لیے پانی چھوڑ کر مینار پاکستان گراؤنڈ کو تالاب بنایا جارہا ہے، ایک جلسے سے خوفزدہ حکمرانوں کو چلو بھر پانی میں ہی ڈوب مرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کےمعاون خصوصی شہباز گل نے اس سارے معاملے پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اپوزیشن کے جلسے میں 4 دن باقی ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ گھاس جل جائے اور اس کو پانی نہ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مینار پاکستان کی گھاس کو آج دیا گیا پانی 3 دن بعد خشک ہوجائے گا، جلسے کے لیے اپوزیشن کو مینار پاکستان کھلا ملے گا۔

شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتیں ابھی سے ہی مینار پاکستان سے بھاگنا چاہتی ہیں مگر ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

تازہ ترین