وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت سرکار ہندوتوا پالیسی کے تحت اقلیتوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنا رہی رہی ہے، مسلمان، دلت، سکھ یا مسیحی کوئی بھی اقلیت بھارت میں محفوظ نہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایک بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں پر جاری مظالم کے حوالے سے بارہا اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
دنیا نے دیکھا کہ فروری میں دہلی کے اندر چن چن کر لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، 50 کے قریب ہلاکتیں ہوئیں۔ وسیع پیمانے پر املاک جلائی گئیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقلیتوں کو کچلنے کے لیے شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی جیسے امتیازی قوانین لائے گئے۔ بابری مسجد کو شہید کر کے اس کی جگہ مندر کی تعمیر اسی ہندوتوا سوچ کا شاخسانہ ہے۔