اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے حکومت کی طرف سے حزب اختلاف سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں احسن اقبال نے حکومت کی طرف سے مذاکرات کی دعوت کی تصدیق کی۔
انہوں نےکہا کہ حکومت کی طرف سے رابطے ہوئے ہیں لیکن ہم نے انہیں جواب دیا ہے کہ اب بہت دیر ہوچکی ہے۔
ن لیگی رہنما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن سے ایک سے زائد حکومتی شخصیات نے رابطہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام رابطہ کرنے والی شخصیات کو یہی جواب دیا ہے کہ عمران خان کے استعفے کے بعد بات ہوگی۔
اس سے قبل اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 31 دسمبر تک ارکان پارلیمان کے استعفے اپنی پارٹی قیادت کے پاس جمع کرانے کا اعلان کیا۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے سینئر کالم نگاروں سے گفتگو میں کرپشن کیسز اور این آر او کے علاوہ باقی تمام امور پر اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔