• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے تحفظات کو جائز قرار دیدیا


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والی وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحفظات کو جائز قرار دیدیا۔

وفاقی وزیر امین الحق نے ایم کیو ایم کے رکن کی موت اور کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی اجلاس نہ بلانے پر کھل کر تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ان کو مخاطب کرتےہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایم کیو ایم کو متعلقہ فورم میں ضرور بلایا جائے گا۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال، اپوزیشن اتحاد کے 13 دسمبر کے جلسے اور فرانس سے تعلقات سمیت مختلف قومی امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں فرانس سے تعلقات کے معالے پر عدالتی پٹیشن پر بات چیت کی گئی اور او آئی سی میں اسلامو فوبیا پر قرار داد کی منظوری کو پاکستان کی کامیابی قراردیا۔

ارکان نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے ہر فورم پر مقدس ہستیوں کے احترام پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کورونا وائرس سے متعلق طویل بریفنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں جانے سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے، کورونا دوبارہ پھیل رہا ہے، پہلے سے زیادہ احتیاط برتی جائے۔

وزیراعظم نے تمام ہی اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسپتالوں میں پہلے سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں۔

کابینہ اجلاس میں انسداد منشیات سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں اعظم سواتی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، مشیر فیصل سلطان اور کور کمانڈر پشاور شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں 68 لاکھ لوگ منشیات کا استعمال کرتے ہیں، اعداد و شمار قابل تشویش ہیں۔

اجلاس میں ملکی سیاحت کے فروغ سےمتعلق زلفی بخاری نے بریفنگ دی اور کہاکہ پاکستان کا مستقبل سیاحتی ترقی سے جڑا ہے، پی ٹی ڈی سی میں اعلیٰ تربیت یافتہ لوگوں کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین