• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم سی میٹرنٹی اسپتال گذری، گزشتہ 5 سال میں 15 ہزار بچوں کی پیدائش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی میٹرنٹی اسپتال گذری میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران 15 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ 3 لاکھ سے زائدخواتین نے الٹرا ساؤنڈ، ٹیسٹ اور معائنے کی مفت سہولتیں حاصل کیں،میٹرنٹی اسپتال کو 2014 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 15سال کے لئے فلاح ویلفیئر ٹرسٹ کو دیا گیا جس کے بعد اس کی سہولتوں میں اضافہ ہوا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر میٹرنٹی ہومز کے مقابلے میں اس کی کارکردگی بہتر ہوئی،میٹرینٹی اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناظمہ اسد نے بتایا کہ 1991میں انہیں میٹرنٹی ہوم شروع کرنے کےلئے تعینات کیا گیا، 1994میں میٹرینٹی ہوم شروع ہوا تاہم اس وقت لیبر روم اور سامان نہیں تھا اور سوبھراج اسپتال سے عملہ یہاں آتا تھا،2000میں آپریشن تھیٹر شروع کیا گیا تو دن رات علاج کی سہولتیں دینا شروع کر دی گئیں،2004 میں فلاح ویلفیئر ٹرسٹ نے اسپتال کی مدد شروع کی تاہم اس دور میں کے ایم سی کی جانب سے فنڈز دیئے جاتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ 2010 کے بعد فنڈز کے مسائل شروع ہوئے اور کام بالکل بند ہوگیا جس پر 2014 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اسپتال 15سال کے لئے فلاح ویلفیئر ٹرسٹ کو دیا گیا اور ٹرسٹ نے بھرپور کام کرایا۔ ڈاکٹر ناظمہ اسد نے بتایا کہ کوروناوائرس کے دوران بھی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسپتال میں کام جاری رکھا ہے، ان کا مذید کہنا تھا کہ کے ایم سی کے دیگر کئی میٹرنٹی ہومز ہیں اگر انہیں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اہل اداروں کو دیا جائے تو نہ صرف ان کی کارکردگی بہتر ہو گی بلکہ خواتین کو صحت کی بہترین سہولتیں گھر کی دہلیز پر مل سکیں گی۔

تازہ ترین