• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی طرف سے رابطے ہوئے ہیں لیکن تاخیر ہوگئی، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں حکومت کی ایک سے زائد شخصیات نے رابطے کئے ہیں لیکن تاخیر ہو گئی، حکومت کو جواب دیا عمران خان استعفیٰ دیں اس کے بعد ہی کوئی بات ہوسکتی ہے،300 سے 350 حلقوں پر ضمنی انتخاب بھی عام انتخاب ہی ہوتا ہے، ضمنی انتخابات کروائے گئے تو ان کا تاریخی بائیکاٹ کیا جائے گا، شہباز شریف مکمل طور پر نواز شریف اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان ، پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر اور ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔علی محمد خان نے کہا کہ اپوزیشن کے جتنے ارکان استعفے دیں گے ان نشستوں پر ضمنی الیکشن کروائیں گے، بلاول اگر خود استعفوں کی بات کریں گے تو یہ اس وقت کی بات ہے، پی ڈی ایم ہائبر ڈ اپوزیشن ہے، یہ اپوزیشن نہ صرف کرپٹ بلکہ سنگدل بھی ہے ۔سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت تصادم کی صورتحال خود پیدا کررہی ہے، تمام جماعتوں کے ارکان اپنے استعفے قائدین کے پاس جمع کروائیں گی، اس وقت کسی کو اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نہیں آنا چاہئے،پارلیمان بلائے گی تو چیئرمین نیب کو آنا پڑے گا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان بے پر کی اڑاتی رہتی ہیں، پہلے یہ مرکز سے رسوا ہوکر نکلی تھیں اب انہیں پنجاب میں ڈیوٹی مل گئی ہے،ہمیں تحریک عدم اعتماد پیش نہیں کرنی کہ نمبرز کی ضرورت ہو، ہم عوام میں نکلے ہیں وہاں ان نمبروں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،پی ڈی ایم جب بھی استعفوں کا اعلان کرے گی ہم استعفے پیش کردیں گے۔سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ کل اسٹیئرنگ کمیٹی 13دسمبر سے جنوری تک احتجاج کا پروگرام بنائے گی، اسی اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ بھی طے کی جائے گی، ایسا ہلّہ ماریں گے کہ سو سنار کی ایک پی ڈی ایم کی، پی ڈی ایم 300 سے زائد نشستوں پر استعفے دے گی، 300 سے 350 حلقوں پر ضمنی انتخاب بھی عام انتخاب ہی ہوتا ہے، اگر ضمنی انتخابات کروائے گئے تو ان کا تاریخی بائیکاٹ کیا جائے گا، اس کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو آزاد و شفاف انتخابات کیلئے لائحہ عمل بنانا پڑے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اسے سانس بھی چڑھا ہوا ہے، حکومت کو پتا ہے اپوزیشن نے استعفے دیدیئے تو پھر کوئی راستہ نہیں ہے، پچھلے چوبیس گھنٹوں میں حکومت کی ایک سے زائد شخصیات نے ہم سے رابطے کیے ہیں، حکومت کو جواب دیا عمران خان استعفے دیں اس کے بعد ہی کوئی بات ہوسکتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین نیب کیخلا ف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے کم ازکم وہ پیشیاں تو بھگتیں گے، دو مہینے میں نیب کی تحویل میں رہا انہوں نے میری فزیو تھراپی نہیں ہونے دی اب میرا بازو ہمیشہ ٹیڑھا رہے گا، حکومت اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجانے میں نیب کا بڑا دخل ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگی ارکان اپنے استعفے نواز شریف کے سپرد کردیں گے، شہباز شریف مکمل طور پر نواز شریف اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، پارٹی میں رائے مختلف ہوسکتی ہے لیکن ویژن پر نواز شریف سے کوئی اختلاف نہیں ہے، کرپشن کرپشن کرنے والی حکومت چینی آٹے میں 400ارب اور ایل این جی میں 122ارب روپے کھاگئی ان سے بڑا چور کون ہے۔وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ آئینی حدود میں کوئی بھی سیاسی سرگرمی جمہوری نظام کو مضبوط کرتی ہے، اقتدار کی ہوس میں اپوزیشن کی قیادت کے نزدیک انسانی زندگی کی اہمیت ختم ہوگئی ہے، کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے حکومت کے ساتھ اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کی تحریک کی وجہ سے جتنی جانیں جائیں گی اس کا پرچہ کس پر درج ہوگا۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کتنے لوگ استعفیٰ دیں گے یہ بعد کی بات ہے، اپوزیشن کے جتنے ارکان استعفے دیں گے ان کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کروائیں گے، ملک کو ٹھیک کرنے نکلے ہیں بلیک میل نہیں ہوں گے، مولانا فضل الرحمٰن وزیراعظم پر سیاسی تنقید کریں ذاتی حملے کیوں کرتے ہیں۔

تازہ ترین