اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فیصلوں پر عمل درآمد کے معاملے پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو اپنے گھر بلا لیا۔
بلاول بھٹو اور مریم نواز اب سے کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمٰن سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچیں گے۔
ملاقات میں مشترکہ استعفوں کے طریقہ کار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے حوالے مشاورت ہو گی۔
ملاقات میں 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے لیے حکمتِ عملی بھی مرتب کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے تمام ارکان کو اپنے استعفے 31 دسمبر تک اپنی پارٹی قیادت کو جمع کرا نے کی ہدایت کر دی ہے جس کے بعد مسلم لیگ نون کے متعدد قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کرا چکے ہیں۔
اسلام آباد لانگ مارچ کب کیا جائے گا ؟ اس کی تاریخ طے کرنے کے لیے اپوزیشن کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈاؤن، جلسوں اور مظاہروں کا شیڈول طے کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرق پڑ چکا ہے، کرسی ہل چکی ہے، بس ایک دھکا اور دینے کی ضرورت ہے، تمام ارکان 31 دسمبر تک اپنی پارٹی قیادت کو استعفے جمع کرا دیں۔