• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80لاکھ 56ہزار روپے مقرر

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمۂ آثارِ قدیمہ نے بالی ووڈ کے ممتاز اور تاریخ ساز فنکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کی پشاور میں آبائی رہائش گاہوں کو میوزیم میں تبدیل  کرنے کیلئے گھروں کی قیمت کا تعین کرلیا گیا۔

دلیپ کمارکے گھر کی مجموعی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق راج کپور کے گھر کی قیمت ایک کروڑ 50لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

دونوں گھروں اراضی کی قیمت کاتعین ڈپٹی کمشنر پشاور نے کیا، دونوں گھروں کے ڈھانچے کی قیمت کا تعین سی اینڈ ڈبلیو نے کیا۔

 محکمہ اثار قدیمہ نے فنڈز کی فراہمی کے لیے سیکرٹری ثقافت کو کیس ارسال کردیا۔

خیال رہے کہ معروف اداکار دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے۔ یہ کبھی رہائشی علاقہ ہوتا تھا مگر اب یہ ایک بڑا کاروباری مرکز ہے۔

دلیپ کمار کے نام سے مشہور محمد یوسف خان کی پیدائش 11 دسمبر 1922 کو اس گھر میں ہوئی تھی اور 1930 میں دلیپ کمار اپنے خاندان کے ہمراہ بمبئی چلے گئے تھے۔

2013 میں دلیپ کمار کے اس گھر کو وفاقی حکومت نے قومی ورثہ قرار دیا تھا۔ 1988 میں دلیپ کمار نے اپنے اس آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے اپنے گھر کی دہلیز کو چوما تھا اور میڈیا کے سامنے اپنے بچپن کی یادیں دہراتے رہے تھے۔

1997 میں دلیپ کمار کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بھی وہ پشاور میں اپنے آبائی گھر جانا چاہتے تھے مگر استقبال کے لیے آنے والے عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

پشاور میں کپور حویلی دلگران کے علاقے میں واقع ہے۔ بھارت میں بالی ووڈ کو متعدد سپر اسٹارز دینے والے کپور خاندان کی ایک نسل اس حویلی میں پیدا ہوئی تھی۔ اس کو 1918 سے لے کر 1922 کے درمیان میں راج کپور کے والد دیوان کپور نے تعمیر کروایا تھا۔

تازہ ترین