• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثنا اللّٰہ کا لاہور کو انسانوں سے بھر دینے کا دعویٰ


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ جو پارٹی جلسے سے بنی ہے وہ جلسے سے ہی جائے گی۔

سرگودھا میں ن لیگ کے ڈویژنل کنونشن سے خطاب میں رانا ثنا اللّٰہ نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ تم کورونا وائرس کے پیچھے چھپتے ہو؟

انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کو میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے دعوت دینے آیا ہوں۔ آپ نے 13دسمبر کو مینار پاکستان پہنچنا ہے، ہم پورے لاہور کو انسانوں سے بھردیں گے،یہ حکومت ہر قیمت پر جائے گی ۔


رانا ثنا اللّٰہ نے مزید کہا کہ کارکنوں کا قافلہ ہر رکاوٹ کو ہٹاتا ہوا لاہور پہنچےگا، لاہور میں 50 ہزار افراد داخل ہوں گے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان جس نے زندگی میں کوئی کاروبار نہیں کیا، نواز شریف سے زمین لے کر اُس پر اسپتال بنالیا۔

انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر روز ٹی وی پر بیٹھے کر پروپیگنڈا کرتے ہیں، ووٹ کو عزت دینے سے مراد ووٹ کے فیصلے کی عزت کرو اور اُسے تسلیم کرو۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہم پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے، تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز استعفیٰ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چینی، آٹا، پٹرول اور دواؤں پر ڈکیتی کی ہے، ہم اُسے جیل بھیجیں گے اور وہاں ایئرکنڈیشن سمیت تمام سہولیات بھی دیں گے۔

تازہ ترین