• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق کی سُستی کے باوجود سندھ نے منصوبے پر تیز کام کیا، وزیر اعلی سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے سرکولر ریلوے کیس میں توہین عدالت نوٹس کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ، کہاکہ کراچی سرکولر ریلوے (کے سی آر) کا فزیبیلٹی ریکارڈ تین ماہ میں بنا، وفاق کی سستی کے باوجود سندھ حکومت نے منصوبے پر تیزی سے کام کیا۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نےسپریم کورٹ میں توہین عدالت کا جواب جمع کراتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت نے 2017 میں سرکولر ریلوے میں دلچسپی لینا چھوڑ دی تھی،انہوں نے جواب میں توہین عدالت کا نوٹس واپس لینے کی استدعا بھی کی ہے ۔


مراد علی شاہ کی جانب سے جمع کرائے جواب میں بتایا گیا ہے محکمہ ٹرانسپورٹ نے 14 نومبر کو کراچی سرکولر ریلوے سے متعلق سمری کابینہ میں پیش کی، کورونا وائرس کا شکار تھا اس لئے کابینہ کی میٹنگ ملتوی ہوگئی۔

انہوں نے جواب میں کہا کہ منصوبے کے لیے ایف ڈبلیو او کو ایک کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی، 9 دسمبر کو ایف ڈبلیو او کو بقیہ 15 کروڑ بھی جاری کرنے کی منظوری دی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کو جدید ماس ٹرانزٹ نظام کی ضرورت ہے، سرکولر ریلوے کو ایسے بحال کیا جائے کہ جدید ماس ٹرانزٹ نظام متاثر نہ ہو۔

وزیر اعلیٰ نے جواب میں کہا کہ عدالت حکم دے تو جدید سرکولر ریلوے کیلئے تین ارب روپے دینے کو تیار ہیں۔

تازہ ترین