• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، فردوس عاشق اعوان


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ انٹیلی جنس رپورٹس اور این سی اوسی کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے 300 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی،خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی،

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیاسی سرکس لگانے والے اداکار ابا بچاؤمہم کوتیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ماضی میں پیٹ پھاڑ کر کرپشن کا پیسہ برآمد کرنے کی جھوٹی بڑھکیں ماری گئیں۔

فردوس عاشق کاکہنا تھا کہ آثار بتاتے ہیں کہ فسادی پی ڈی ایم ٹولے کے بریک اَپ کا وقت آن پہنچا ہے، پی ڈی ایم کی ڈوبتی کشتی سے لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کر دی ہیں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ نواز کا استعفیٰ پی ڈی ایم کی صفوں میں پھیلنے والی مایوسی کا آئینہ دار ہے، راجکماری صاحبہ کی ڈوبتی کشتی میں کوئی سوار نہیں ہو گا۔

ان کاکہنا تھا کہ آپ کے اپنے ممبران ہچکولے کھاتی کشتی سے چھلانگیں لگا کر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے رابطے میں ہیں، راجکماری صاحبہ پی ڈی ایم کی ماچس ہاتھ میں پکڑ کر پورے پاکستان کو آگ لگانے نکلی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑے سیاسی جلسے کرنے کا اعزاز عمران خان کو حاصل ہے، یہ گیارہ جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کے جلسوں کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتیں۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ عمران خان عوامی لیڈر ہے، بھان متی کا کنبہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، حکومت آپ کے ناپاک عزائم کو قانون کی عملداری سے خاک میں ملا دے گی۔معاون خصوصی

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی ایمانداری اور محنت سے عوام کے دلوں پر راج کرتی رہے گی۔

تازہ ترین