رہنما پیپلز پارٹی نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ ریلوے کے مسافروں نے ڈھائی سال تک شیخ رشید کو بھگتا ہے، ملک کے تقریباً ہر ٹریک پر ریلوے کے حادثات ہوئے اور اب شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے، اللّٰہ خیر کرے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں استعفے اسپیکر کو جمع کروانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، صوبائی و قومی اسمبلی سے استعفوں کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کی ہدایت پر کیا جائے گا۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ کے ارکان آگے بڑھ کر اپنے استعفے دے رہے ہیں، سندھ حکومت نے اپنے ارکان کو استعفے دینے کی ہدایت کر دی ہے، اپوزیشن کے اتحاد کی وجہ سے حکومت کے چہرے پر ہوائیاں اُڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جلسے کے انتظامات کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مصروف ہے اور اپوزیشن قائدین کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ حکومت اپوزیشن کے جلسے دیکھ کر اب منتوں پر اُتر آئی ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن پی ڈی ایم کے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے، خان صاحب نے تمام مافیاز اپنے ارد گرد اکٹھے کر لیے ہیں، وہ اپنے ذاتی دوستوں کو وزارتیں دے کر نواز رہے ہیں۔
نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ عوام ہمارا ساتھ دیں اور اس جعلی حکومت کے خلاف احتجاج میں شریک ہوں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ لانگ مارچ ہونا ہے لیکن صرف اس کے وقت کا تعین کیا جانا ہے، حکومت ہٹانے کے لیے ہر آئینی راستہ اختیار کریں گے۔