اسلام آ باد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ اور مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور جلسہ ضرور ہوگا،کٹھ پتلیوں کا وقت ختم، انہیں خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے، مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کے اثرات حکومتی حلقوں میں نظر آنا شروع ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کی رہنمانفیسہ شاہ نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ارکان استعفے جمع کرا رہے ہیں، ہمارا ہر عمل پی ڈی ایم اعلامیہ کے مطابق ہوگا، اپوزیشن اتحاد کی وجہ سے حکومت کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، ہر جلسے سے پہلے تھریٹس الرٹ جاری کیے جاتے ہیں۔سندھ حکومت نے ارکان کو استعفے دینے کی ہدایت کر دی، حکومت کو کورونا نہیں پی ڈی ایم کا خوف ہے، ریلوے کے مسافروں نے ڈھائی سال تک شیخ رشید کو بھگتا ہے، ملک کے تقریبا ہر ٹریک پر ریلوے کے حادثات ہوئے اور اب شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے، اللہ خیر کرے، دوسری جانب مریم اورنگزیب نے کہا کہ 13دسمبر جلسہ مینار پاکستان میں ہو گا اور کرسیاں لگانے کا ریکارڈ قائم کریں گے،پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ جتنے مرضی مقدمات درج کرلیں جلسہ ہر صورت ہوگا، کارکن گھبرانے والے نہیں، عوام کی طاقت سے حکومت کو ووٹ کی عزت کا جواب دیں گے۔