• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کی امنگوں کے تحت پاکستان کرپشن فری بنائینگے،چیئرمین نیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب زیرو کرپشن، سو فیصد ترقی پر بھرپور یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، نیب افسران بدعنوانی کے خلاف جنگ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں، قوم کی امنگوں پر پورا اترتے ہوئےپاکستان کو کرپشن فری بنائینگے، کوئی بھی فردفرائض کی ادائیگی میں نیب افسران پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، نیب افسران اور اہلکاران کو بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ”احتساب سب کیلئے“ کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی پر عمل کرنا چاہئے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب افسران کو بدعنوان عناصر کو گرفتار کرنے اور معصوم شہریوں کی لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کرنی چاہئیں، کوئی بھی فرد نیب افسران کی سرکاری فرائض کی ادائیگی میں ان پر اثر انداز نہیں ہو سکتا، نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے، یہ ٹیم کیس کے متعلقہ ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈائریکٹر، فنانشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ اور دو انویسٹی گیشن افسران پر مشتمل ہے جو کہ شفاف اور غیر متعصبانہ طریقہ سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے معیاری اور مقداری طریقہ سے نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے مانیٹرنگ اور ایویلیوایشن کا نظام وضع کیا ہے جس سے نیب کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب واحد ادارہ ہے جس نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی نگرانی کیلئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 466 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جبکہ اس کی سزا کی مجموعی شرح 86.8 فیصد ہے۔

تازہ ترین