راولپنڈی(نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر میں واٹر لیول میں بہتری لانے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور محکمہ سمال ڈیمز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سواں دریا کا سروے کیا جائے اور ایسے شہری علاقوں کا جائزہ لیا جائے جہاں چیک ڈیمز بنائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کو محفوظ بنانا از حد ضروری ہے، شہر راولپنڈی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے صرف زیر زمین پانی پر انحصار کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ سمال ڈیمز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف انجینئر سمال ڈیمز پوٹھوہار ریجن، ایکسیئن غلام رسول اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ محکمہ سمال ڈیمز کا پوٹھوہار ریجن میں بہت اہم کردار ہے اور ضرورت ہے کہ ایسے منصوبوں کا اضافہ کیا جائے جس سے شہری علاقوں میں واٹر لیول میں اضافہ کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیک ڈیم انتہائی سادہ اور کم خرچ ٹیکنالوجی ہے اور یہ پرانی ٹیکنالوجی واٹر لیول میں اضافہ کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیک ڈیمز سے پانی کے گزرنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے جس سے پانی زمین میں زیادہ مقدار میں جذب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار کے علاقے میں مختلف سمال ڈیمز کے قریبی علاقوں کو رہائشی مقاصد کے لئے استعمال کرنا نامناسب ہے اس سے قریبی علاقوں کو زرعی مقاصد کیلئے استعمال میں نہیں لایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سمال ڈیمز کے قریبی علاقوں میں چک بندی کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ ڈیمز کے پانی کو زرعی مقاصد کے لئے بھی زیر استعمال لایا جا سکے۔