نیوزی لینڈ میں عالمی وبا کوروناوائرس کے بعد پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کو انجریز نے گھیر لیا ہے جس کے نتیجے میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
کپتان بابراعظم کا دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہو گیا ہے جس کے باعث بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز نہیں کھیل سکیں گے، بابر اعظم نیٹ سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوئے، بابر اعظم کو 12 روز کے لیے مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شاداب خان بھی مکمل فٹ نہیں ہیں اور ٹانگ میں کھینچاو محسوس کر رہے ہیں۔
دوسری جانب قومی بلے باز امام الحق بھی انجری کے باعث 17دسمبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف وانگرائے میں ہونے والے واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، امام الحق بھی بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کے نتیجے میں زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کل وانگرائے کے لیے روانہ ہو گی۔