• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری بلاول ہاؤس لاہور سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ایاز صادق کے گھر پہنچ گئے۔

بلاول بھٹو زرداری مختلف استقبالیہ کیمپوں سے ہوتے ہوئے ایاز صادق کے گھر پہنچے ہیں جہاں وہ ظہرانے میں شریک ہوں گے۔

روانگی کے وقت پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول ہاؤس کے باہر بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بلند کیئے۔

بلاول بھٹو زرداری ریلی کی شکل میں بلاول ہاؤس سے روانہ ہوئے تھے، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ پہنچے ہیں۔

ایاز صادق کے گھر مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر پی ڈی ایم رہنما پہلے ہی پہنچ حکے ہیں۔

ایاز صادق کے گھر پر پی ڈی ایم رہنماؤں کے لیے منعقد کیئے گئے ظہرانے کے تمام امور کی نگرانی سردار ایاز صادق کی اہلیہ کر رہی ہیں۔

مسلم لیگ نون کےسینئر رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کا ظہرانے پر آنا میرے لیے اعزاز ہے، مہمانوں کی تواضع گھر میں پکائے گئے کھانوں سے کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اپنی نگرانی میں کھانے تیار کرا رہی ہیں، مینو میں چکن روسٹ، چکن بروسٹ، ساگ اور چکن پلاؤ سمیت دیگر ڈشز شامل ہیں، مولانا فضل الرحمٰن کی پسند کامیٹھا بھی تیار کرایا گیا ہے۔

پی ڈی ایم رہنما ظہرانے کے بعد جلسہ گاہ مینارِ پاکستان کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔


واضح رہے کہ لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پاور شو آج ہونے جا رہا ہے۔

مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔

اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین