وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والا پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا آج کا جلسہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔
وزیرِ اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے لاہور میں بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعرہ لگایا کہ گرتی دیوار کو آخری دھکا دو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم این آر او میں عمران خان نیازی کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، ہم نیازی کو ہٹانےکا آرڈر مانگ رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان بتا دیں کہ اپوزیشن کونسا این آر او مانگتی ہے جو وہ نہیں دیتے، این آر او دینے کی ان کی اوقات بھی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پاور شو آج ہونے جا رہا ہے۔
مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔