• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام نے حکومت کو مینار پاکستان سے نیچے پھینک دیا، مریم نواز



سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اہلِ لاہور نے آج مجھے خوش کردیا ہے، عوام نے حکومت کو مینارِ پاکستان سے نیچے پھینک دیا۔

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کے آخری جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کون تھا جو فرعون کے لہجے میں مینارِ پاکستان بھرنے کا چیلنج دیتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج اہلِ لاہور نے مجھے واقعی خوش کردیا ہے، صرف مینار پاکستان ہی نہیں اس کے اطراف کی سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔

مریم نواز نے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد میں موجودگی سے خوش ہوتے ہوئے پنجابی زبان میں کہا کہ’اللّٰہ قسمے لاہور! تسی خوش کردتا اے‘، ہزاروں لوگ پنڈال میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے اندر نہیں آسکے۔


انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کارکن جلسہ گاہ میں موجود خواتین کا احترام اور ان کی حفاظت کریں۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے مزید کہا کہ لاہوریوں نے تاریخی جلسہ کیا بلکہ یہاں کے عوام نےعمران خان کی حکومت کو مینار پاکستان کی بلندی سے نیچے پھینک دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس جعلی تبدیلی کی شروعات 2011ء کے مینار پاکستان جلسے سے شروع ہوئی تھی، اُسے لاہوریوں نے آج اسی میدان میں ہمیشہ کےلیے دفن کردیا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہاکہ نواز شریف آٹا چوری کرنے والے تابعدار خان کو این آر او نہیں دے گا، حکومت کی وجہ سے پاکستان کی ترقی، چینی، آٹا، بجلی اور گیس قرنطینہ ہوگئی۔

انہوں نے جلسے کے شرکاء سے کہا کہ آپ ماسک پہن کر آئیں مجھے آپ کی زندگی عزیز ہے، کووڈ 19 مہلک مرض ہے اور کووڈ 18 تابعداد خان ہے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نےعمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارے دھرنوں کے باوجود نواز شریف عوام کی خدمت کرتا رہا۔

ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

مریم نواز نے کہاکہ اب تو تمھیں وہ نوجوان بھی جان گیا ہے جو تمہاری ڈیڑھ کروڑ نوکریوں کا خواب دیکھ کر آیا تھا۔

انہوں نےکہا کہ اب تمھیں وہ بھی جان گئے ہیں جن کو بجلی اور گیس کے لمبے لمبے بل آتے ہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ جو تابعدار خان کو نہیں جانتے آج میری تقریر سن کر اچھی طرح جان جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تابعدار خان نے کہا تھا کہ جلسے کے لیے کرسیاں دینے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، منتظمین نے مجھے بتایا کہ یہاں ہزاروں کرسیاں لگی ہیں ، لیکن مجھے کوئی کرسی خالی نظر نہیں آرہی ہے۔

دوران تقریر مریم نواز نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتی ہے 2011 میں تمہارا جلسہ کس نے کروایا تھا، 2013 کے انتخابات میں تمہیں عبرتناک شکست ہوئی، شکست کے بعد تمہیں سمجھ آگئی کہ عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بننے والا نہیں،تابعداری کروں گا تو وزیراعظم بنوں گا، تمہیں کسی نے کہا تھاکہ دھاندلی دھاندلی کا شور مچاؤ۔

انہوں نے عمران خان پر الزام لگایا کہ تم نے میچ فکس کرکے نواز شریف کو اقامہ پر نکلوایا اور 2018 ء کے انتخابات سے مجھے اور میرے والد کو الیکشن سے باہر رکھا۔

ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہاکہ عمران خان کو دھاندلی سے حکومت تومل گئی ، پر لانے والوں کو بھی نہیں پتا تھا کہ یہ اتنا نالائق نکلے گا، اس کی نالائقی کا جواب لانے والوں کو دینا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کہتا تھا بھیک نہیں مانگوں گا، دنیا نے دیکھا کہ اس نے قرضوں کے نئے ریکارڈ قائم کردیےاور ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔

مریم نواز نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ ( بی آر ٹی ) اور بین ٹری سونامی پر طنز کے نشتر چلائے اور کہاکہ کرپشن کا رونا روتا ہے، جسے سن سن کر کان پک گئے جبکہ پشاور میٹرو کے عوام اُسے دھکا لگارہے ہیں، بلین ٹری سونامی پر سپریم کورٹ نے کہا درخت کہاں لگائے ہمیں نظر نہیں آرہے؟

تازہ ترین