لاہور(اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان کا شمارا ن ممالک میں ہوا ہے جہاں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی ہے، پہلی ششماہی کے دوران 1 ارب 90کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کیساتھ پاکستان چوتھابڑاملک بن گیاہے،نومبر میں مسلسل چھٹی بار ترسیلات زر کا حجم 2ارب ڈالر سے تجاوز کیا ہے ،اپوزیشن آنکھوں سے تعصب کی پٹی اتار ے تو اسے آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آ ئے گا، ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے دور میں ترقی کوجانچنے کے جومعیار مقرر کر رکھے تھے موجودہ حکومت ان پر عمل پیرا نہیں ہو سکتی بلکہ وزیر اعظم عمران خان شفافیت پر مبنی ،پائیدار اورحقیقی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف اقدامات ،اداروں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سر خ فیتے کاخاتمہ کیا گیا ہے جس سے ملکی اور غیر سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملی ہے ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے رپورٹ حکومت کی اپنی مرتب کردہ نہیں بلکہ یہ عالمی بینک نے جاری کی ہے جس میں دنیا میں چونتیس ممالک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کےلئے ملک میں افرا تفری اور انتشارپھیلانے سے گریز کرے کیونکہ یہ ملک کے مفادمیں نہیں ۔