• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمود اچکزئی کی باتیں ن لیگی ارکان اسمبلی نے مسکرا مسکرا کر سنیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کی پنجاب مخالف باتیں ن لیگی ارکان اسمبلی نے مسکرا مسکرا کر سنیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر جلسے میں محمود اچکزئی نے متنازع باتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے سعد رفیق ’جاگ پنجابی جاگ، تیری پگ نو لگ گیا داغ‘ کا نعرہ لگایا تھا، ان جیسے ارکان نے محمود اچکزئی کی باتیں کیسے سن لیں؟ سعد رفیق ایسے وقت میں کھانسی کا شربت کیوں پینے لگ گئے؟

فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے گلا تو پیپلز پارٹی سے ہے، اسے بھی پنجاب کی وجہ سے ہی عزت ملی، اس کی بنیاد بھی یہاں ہی رکھی گئی تھی۔


ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی محمود اچکزئی کی باتوں پر خاموشی نے لاہور کا دل توڑا ہے، پاکستان کا دل توڑا ہے لیکن یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ماضی کی جمہوری تحریکوں میں لاہور اُن کے سر کا تاج رہا، اہل پنجاب ے وفاق کی خاطر سب سے زیادہ قربانیاں دیں، یہاں سب سے زیادہ لہو بہا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ آرٹیکل 158 پر نواز شریف اور شہباز شریف نے دستخط کیے ہیں، نوازشریف اور ن لیگ کا بیانیہ نہیں بک سکتا، پنجاب کو نواز شریف کے تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کی خواہش مہنگی پڑگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزاد ی مریم نواز کی تقریر میں نہ کوئی ایجنڈا تھا اور نہ ہی کوئی بات تھی، پی ڈی اےکی تحریک لوگوں کی سپورٹ حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہوئی کیوں یہ لوگ چاہتے ہیں جمہوریت ختم اور ان کا چانس لگ جائے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل پارلیمانی قوتوں کو اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنی چاہیے،حکومت کی مذاکرات کی بات پر کوئی بے وقوف ہی ہوگا جو کہے کہ اس میں کسی طرح کی کمزوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس 18ویں ترمیم پر نوازشریف شہباز شریف نے دستخط کیے، اسی کی وجہ سے پنجاب کے صنعت کاروں کو گیس 30فیصد مہنگی لینا پڑتی ہے۔

تازہ ترین