اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن قیادت مزید جلسے پلان کررہی ہے۔
جاتی امرا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے کل کے تاریخ ساز جلسے پر قائدین نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام تر پروپیگنڈوں کے باوجود اپوزیشن اتحاد کا جلسہ انتہائی کامیاب رہا، لاہور میں ایسا بڑا اور تاریخی جلسہ کبھی ہوا ہی نہیں۔
جے یو آئی ( ف) کے سینئر رہنما نے انکشاف کیا کہ اپوزیشن قیادت مزید یہ پلان کررہی ہے کہ اور کہاں کہاں جلسے کرنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کب کرنا ہے، اس حوالے سے فیصلے کیے جارہے ہیں، قائدین اپوزیشن تحریک سے متعلق فیصلہ کرکے ہی اٹھیں گے۔
مولانا غفور حیدری نے مریم نواز کے’آر یا پار‘ کا مطلب سمجھاتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں جلسہ نہیں کرنے دیں گے تو پھر آر یا پار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں حکومت نے جلسہ ناکام بنانے کے لیے کنٹینر لگائے اور پانی تک چھوڑا، لاہور جلسے کے معاملے پر انہوں نے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیے۔
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر بات طے ہے کہ 31 دسمبر سے پہلے استعفیٰ جمع کروانے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کے گزشتہ روز استعفے لانگ مارچ کے ہمراہ اسلام آباد لےجانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن اتحاد کےاجلاس میں اس حوالے سے مشاورت جاری ہے کہ استعفیٰ لانگ مارچ سے پہلے یا اسلام آباد پہنچ کر جمع کرانے ہیں۔