• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم بحران: ندیم بابر کابینہ اجلاس میں وضاحتیں پیش کرتے رہے


پٹرولیم بحران پر تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم بابر کابینہ اجلاس میں وضاحتیں پیش کرتے رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم بحران میں ملوث افراد اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کابینہ میں پیش ہوئی تو معاون خصوصی ندیم بابر نے وضاحت پیش کرنا شروع کردی۔

اجلاس کے دوران ایک موقع پر وفاقی وزیر نے تحقیقاتی رپورٹ کے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔


بعض وزراء نے سوال اٹھایا کہ بحران آیا تھا تو متعلقہ وزارتیں کہاں تھیں؟ اُن کی کیا ذمے داری تھی؟ جو کمپنیاں بھی اس معاملے میں ملوث تھیں ان کے لائسنس منسوخ کیوں نہیں کیے؟

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کی طرف سے سخت سوالات کے بعد ندیم بابر وضاحتیں ہی پیش کرتے رہے۔

وفاقی وزراء نے اس موقع پر بحران میں ملوث کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کے جائزے کےلیے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی۔

انہوں نے کابینہ کو یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے پر ذمے داران کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائےگا۔

دوسری طرف انکوائری کمیشن نے مئی اور جون کے پٹرول بحران کا قصور وار سیکریٹری پٹرولیم اور ڈی جی آئل کو قرار دیا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں دونوں ہی افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی اور بتایا کہ 66 کمپنیوں کے لائسنس بھی غیرقانونی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہونے کےبعد درآمد پر پابندی لگانا بحران کا بڑا سبب تھا، انکوائری کمیشن نے اوگرا کو تحلیل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

رپورٹ میں سیکریٹری پیٹرولیم کے خلاف سخت ایکشن لینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

تازہ ترین