سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن فروری میں کرانا حکومت کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نےکہا کہ حکومت کو خطرہ ہے ان کے اراکین ہی انہیں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا ہر لمحہ، ہردن بھاری ہے، ہمیں حکومت سے کوئی امید نہیں ہے، حکومت نے ڈھائی سال پارلیمان چلنے نہیں دیا، مذاکرات کی جگہ پارلیمان تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات آئندہ برس مارچ کے بجائے فروری میں کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔