• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا ڈاکٹر عادل کی شہادت کسی سانحہ سے کم نہیں، سراج الحق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مولانا ڈاکٹر عادل خان شہید کے بیٹے نائب رئیس جامعہ فاروقیہ مفتی محمد انس عادل خان، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد زر ولی خان کے بیٹے مہتمم جامعتہ العربیہ احسن العلوم مولانا حافظ محمد انور شاہ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے شہید کارکن حافظ طلحہ اسلام کے والد اور جماعت اسلامی غازی آباد اورنگی ٹاؤن کے ناظم علاقہ نور الاسلام سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت و دعائے مغفرت کی۔اس موقع پر نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمٰن و و یگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر گفتگومیں کہا کہ مولانا ڈاکٹر عادل خان کی شہادت کسی سانحہ سے کم نہیں انہوں نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی،انہوں نے پوری زندگی کلمہ حق بلند کیا اور اسی کی پاداش میں شہید کئے گئے۔ سراج الحق نے کہا کہ مفتی زر ولی خان علم کا سرمایہ تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی دین کیلئے وقف کر دی، دین کی تعلیم کے لیے مرحوم کی خدمات قابل رشک ہیں علاوہ ازیں سراج الحق نے جماعت اسلامی اورنگی کے تحت ناظم علاقہ نور الاسلام کے بیٹے اور جمعیت کے کارکن حافظ طلحہ اسلام شہید کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موت ایک حقیقت ہے اور ہر شخص کو موت کا مزا چکھنا ہے،دین اسلام کو جس نے بھی صحیح طور پر سمجھا اور اس پر ڈٹ گیا اس کے لیے جنت کی بشارت ہے اور کامیاب ہو گیا وہ شخص جس نے اپنے حصے کا کام مکمل کیا۔

تازہ ترین