مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز کاپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے لاہور جلسے سے متعلق کہنا ہے کہ محنت کی بدولت جلسے نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑے۔
مریم نواز کی جانب سے لاہور کے اراکین اسمبلی اور عہدیداروں کو ظہرانے پر مدعو کیا گیا، اس دوران مریم نواز نے لاہور جلسے کی کامیابی پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی طرف سے عہدیداروں کو شاباش دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسے کی کامیابی زبردست موبائلزیشن کا نتیجہ ہے، الحمدللّٰہ تمام لوگوں نے بہت محنت کی آپ سب پارٹی کا سرمایہ ہیں، جلسے کو کامیاب بنانے کےلیے سب نے انتھک محنت کی۔
ظہرانے میں شریک عہدیداروں کی جانب سے ووٹ کو عزت دو کا عَلم بلند رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔
دوسری جانب سے مریم نواز کی سربراہی ن لیگ کا مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ہے، جاتی امرا میں جاری اجلاس میں خواجہ سعد، ایاز صادق، پرویز رشید، پرویزملک، افضل کھوکھر اور روحیل اصغر شریک ہیں۔
اجلاس میں پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب آج چار بجے میڈیا کے نمائندوں سے بات بھی کریں گی۔