• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا آزاد کشمیر کے عوام کو قومی صحت کارڈ دینے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے عوام کو قومی صحت کارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں 100 فیصد شہریوں کو قومی صحت کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔

آزاد کشمیر کے 12 لاکھ خاندانوں کے لیے کل سے صحت کارڈز بننا شروع ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صحت کارڈز کی فراہمی کا باضابطہ اعلان کل کریں گے، آزاد کشمیر کے عوام کے علاج کے لیے تقریب کل شام ساڑھے 4 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔

اُس تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، وزیرِ صحت سمیت متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور، اسدعمر، حفیظ شیخ بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔


ذرائع نے بتایا کہ قومی صحت کارڈ پر پاکستان کے پینل کے 350 اسپتالوں میں مفت علاج ہوگا، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے 11 اسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وہاں بھی علاج مفت ہوگا۔

آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد، میرپور، کوٹلی، باغ، ہٹیاں بالا اور نیلم میں صحت کارڈ پر مفت علاج ہوگا۔

اس کے علاوہ ضلع بھمبھر، حویلی، سدھنوتی اور پونچھ میں بھی قومی صحت کارڈ پر علاج ہوسکے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پروگرام کے تحت آزاد کشمیر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے فراہم ہونے والے اس ایک کارڈ پر ہر خاندان کے کم از کم 6 لوگ علاج کی سہولت لے سکیں گے۔

اس صحت کارڈ کے تحت ہارٹ سرجری سمیت تمام آپریشنز بھی مفت ہوں گے، جبکہ کارڈ پر صرف داخل ہونے والے مریض مستفید ہوسکیں گے۔

تازہ ترین