وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ نے امارات میں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور اُن کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پہنچایا۔
متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے میں شاہ محمود قریشی اماراتی ہم منصب شیخ عبداللّٰه بن زاید سے بھی ملاقات کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔