وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اسمبلیوں سے استعفوں کا فیصلہ مریم نواز یا بلاول بھٹو زرداری نے نہیں بلکہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جیو بیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
فواد چوہدری نے عندیہ دیا کہ بہت مشکل ہوگا کہ نوبت استعفوں تک پہنچے، استعفوں کا فیصلہ مریم نواز یا بلال بھٹو زرداری نے نہیں بلکہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگلے ایک دو ہفتے میں نظر آجائے گا کہ معاملات میں بہتری آرہی ہے، رابطے تو رہتے ہیں، سیاسی درجہ حرارت لاہور جلسے کے بعد نیچے آیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لیڈر شپ جنھوں نے استعفوں کے فیصلے کرنے ہیں ان کو نتائج اورسیچویشن کا علم ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ استعفے دینے میں مولانا فضل الرحمان کو دلچسپی ہوگی، جو نظام کے اندر ہیں ان کو استعفوں کے نتائج کا اندازہ ہے۔
انھون نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے لیے وزیراعظم اور حکومت کو ہٹانا ممکن نہیں، سیاسی استحکام بڑے فیصلوں کے لیے ضروری ہے۔
سینیٹ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سینیٹ الیکشن پر بھی کہا تھا کہ اوپن بیلٹ سے کرائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو تو سینیٹ الیکشن سے متعلق اس تجویز پر خوش ہونا چاہیے۔
انھوں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں جاچکی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت کو ان باتوں پر مذاکرات شروع کرنے چاہیے جن پر اتفاق ہوسکتا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں میں کوئی بڑے تھنک ٹینک ہے نہیں جب وقت آتا ہے تو پھر یاد آتا ہے کہ یہ کرنا تھا وہ کرنا تھا۔