خیبر پختون خوا کے دالخلافہ پشاور میں 25 دسمبر کو تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 12 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے پشاور ڈویژن کے ضلع خیبر کے علاقے سپاہ میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر ذاکر آفریدی سمیت 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن کاتعلق کالعدم لشکرِ اسلام سے ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار کیئے گئے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے 3 خودکش جیکٹس اور 6 دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ زیرِحراست دہشت گردوں کی نشان دہی پر پشاورکے علاقے بڈھ بیر میں بھی کارروائی کی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے دہشت گردوں کے 8 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار کیئے گئے ان 12 دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں نے 25 دسمبر کو پشاورمیں بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔