اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں قومی خزانے پر 625 ارب کے ڈاکے الزام عائد کردیا ہے۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران مافیا عوام کی گندم میں 225 ارب کا ڈاکہ ڈال چکا جبکہ 400 ارب کے چینی ڈاکے سے بھی اپنی جیب بھر چکا ہے جبکہ بجلی کا گردشی قرض بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہاکہ پی ٹی آئی حکومت اس حوالے سے جواب دے اور ملکی تاریخ کی بدترین گیس لوڈشیڈنگ کے بارے میں بھی بتائے۔
ان کا کہنا تھاکہ پٹرولیم انکوائری رپورٹ کو چورحکومت کی چوری کا ایک اور ثبوت ہے، ملک دوائی، چینی، آٹا، بجلی، گیس اور تیل مافیا چلا رہا ہے۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ بجلی کا گردشی قرض2360 ارب کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ گیس کا گردشی قرض 1000 ارب کی تاریخی سطح پر پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ لوٹ مار کے ماہرین اور لٹیرے ملک پر مسلط ہیں، عمران خان گیس اور بجلی کے گردشی قرض پر قوم کو جواب دیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران صاحب 4 ڈالر کی ایل این جی 19 ڈالر میں کیوں خرید رہے ہیں؟ اس کا کوئی جواب ہے حکومت کے پاس؟
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے گھروں کے چولہے بند کرنے کے بعد اب گیس غائب ہونے سے عوام کے چولہے بجھ گئے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ وزارت پٹرولیم 122 ارب روپے کی ایل این جی چوری کرنے والوں کے حوالے ہے ،عمران صاحب ان تمام چوریوں کے سرغنہ اور ذمہ دار آپ ہیں۔
انہوں نےسوال اٹھایا کہ کیا عمران صاحب ڈھائی سال میں قوم پر 14000 ارب سے زائد قرض بڑھا کر پھر 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام شروع نہیں کررہے ہیں؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب مہنگائی کی ماری ہوئی عوام پر بجلی کی نرخوں میں 25 فیصد اور اضافے کانیا بم گرانے کامزید ظلم کرنے لگے ہیں۔