• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نیازی گٹھ جوڑ ثبوت مانگنے پر عدالت سے فرار ہوجاتا ہے، ن لیگ


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ سپریم کورٹ میں ثبوت مانگنے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ پچھلے دروازے سے فرار ہوجاتا ہے۔

لاہور سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات کے آغاز پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدام نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دھیلےکی کرپشن نہ ملنےکے امتحان میں فیل گٹھ جوڑ نے اب پرچہ ایف آئی اے کو تھما دیا۔


ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ ایف آئی اے بھی وہی گھسا پٹا آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی پھر سے تحقیقات کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کےخلاف ایک روپےکی کرپشن نہ ملنے پر گھسے پٹے الزامات کو ری پیکیج کیا جارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نےکہا کہ جھوٹے مقدمے بنانے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملنا آپ کے سفید جھوٹ کو بے نقاب کرچکا، عمران صاحب، ری پیکیج‘ کرکے الزامات بیچنے سے بھی نتیجہ وہی نکلے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب، آپ کی اصلیت اور جھوٹ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، شہباز شریف تمام عدالتوں سے سرخرو ہوئے، یہ تازہ سازش بھی ناکام ہوگی۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ عوام جانتے ہیں سپریم کورٹ میں ثبوت مانگنے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ پچھلے دروازے سے فرار ہوگیا تھا، یہ لوگ ثبوت پیش کرنے کے مرحلےمیں لاہور ہائیکورٹ سے بھاگ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف نیب آج تک عدالتوں میں کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، مفلوج حکومت کے گھر جانے کا وقت ہے، سیاسی انتقام کے نئے کرتب دکھانے سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

تازہ ترین