رواں سال کووِڈ-19کے باعث گھروں کے ساتھ ہمارے تعلق میں نمایاں طور پر ایک تبدیلی آئی ہے۔2021ء کے بارے میں سوچتے ہوئے ، یہ وقت ازسرنو جائزہ لینے کا ہے کہ ہم اپنے گھروں میں کس طرح رہتے ہیں۔ لیکن اگر 2020ء نے ہمیں کچھ سکھایا ہے تو وہ یہ ہے کہ مستقبل کی پیش گوئی کرنا ناممکن ہے۔ تاہم ، ایک چیز جس کے بارے میں ہم یقین کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ وبائی امراض کا اثر آنے والے برسوں تک رہے گا۔
اگر آپ 2020ء میں گھر کی تزئین و آرائش کرنا چاہتے ہیں یا اس میں کچھ تبدیلیاں لانے کا سوچ رہے ہیں تو اس وقت آپ کو دو عوامل پر غور کرنے کی ضرورت ہے: ایک تو یہ کہ گھر کو مستقبل کے لیے زیادہ سے زیادہ آرام دہ اور پرسکون بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں اور دوسرا یہ کہ مستقبل میں گھر کو فروخت کرنے کی صورت میں کون سی سرمایہ کاری سب سے زیادہ معنی رکھتی ہے۔ کیاآپ کو معلوم نہیں کہ کہاں سے شروع کیا جائے؟ 2021ء کے لیے ماہرین اور انٹیریر ڈیزائنرز نے درج ذیل تزئین و آرائش پرسنجیدگی سے غور کرنے کی تجویز دی ہے۔
’ہوم آفس‘ بنانا
موجودہ وقت میں زیادہ تر لوگ دفتر سے دور اپنے گھروں سے کام کر رہے ہیں اور کسی کو حتمی طور پر معلوم نہیں کہ زندگی کبھی سابقہ معمول کی طرف لوٹے گی یا نہیں۔ لہٰذا اب ’’ہوم آفس‘‘ یا کام کرنے کے لیے مخصوص جگہ متعین کرنا، کچن یا باتھ روم کی طرح ناگزیر ہوسکتا ہے۔ جنگلو کے بانی جسٹینا بلکینی کے مطابق ، ہوم آفس ضروری ہیں۔ ’’یہاں تک کہ جب کاروبار اور دفاتر دوبارہ کھلتے ہیں تو بہت ساری کمپنیوں نے گھر سے کام کرنے والے ایک ہائبرڈ ماڈل کو شعوری طور پر اپنانے کی کوشش کی ہے، جس کے تحت ملازمین کو ہفتے میں صرف کچھ دن دفتر آنے کی ضرورت ہوتی ہے‘‘۔
تاہم ، اگر آپ کے گھر میں آسانی سے گھر کے دفتر کی تشکیل کے لیےمناسب جگہ یا درست فلور پلان نہیں ہے تو آپ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کرنا پڑے گا۔ ’’مثال کے طور پر ، اگر تزئین و آرائش آپ کی رسائی سے باہر ہے تو آپ کمرے کے سلائیڈنگ دروازے اُتار سکتے ہیں اور مہمان کے بیڈروم کی الماری کو دفتر میں تبدیل کر سکتے ہیں‘‘۔
رنگ و روغن
انٹیریئر ڈیزائنر کیٹلن سکیلن مشورہ دیتی ہیں کہ اگر آپ کا موجودہ گھر میں پانچ سال سے زیادہ عرصے تک رہنے کا ارادہ نہیں ہے تو آپ کو اسے اَپ-گریڈ کرنے کے لیے پینٹ کا ایک تازہ کوٹ کروانے پر غور کرنا چاہیے۔ ’’پینٹ عارضی ہوتاہے ، لہٰذا یہ آپ کے گھر کی قیمت کو متاثر کیے بغیر اسے ’پرسنل ٹچ‘ دے سکتا ہے‘‘۔
کون سے رنگ استعمال کیے جائیں؟ اس سوال کا جواب اپنے آپ سے پوچھیں کہ آپ جس کمرے میں پینٹ کروا رہے ہیں وہاں آپ کیسا محسوس کرنا چاہتے ہیں۔ اپارٹمنٹ تھراپیز کی ہوم پروجیکٹس ایڈیٹر ، میگان بیکر کا کہنا ہے کہ ، ’’عام طور پر ہلکے رنگ ایک کمرے کو روشن کرنے اور اسے قدرے بڑا دِکھانے میں مددگار ثابت ہوں گے ، جبکہ گہرے رنگ آپ کی جگہ کو تھوڑا سا آرام دہ اور دوستانہ ماحول دیتے ہیں‘‘۔
کچن اَپ-گریڈ کرنا
مکانات اور اپارٹمنٹس کی فروخت میں کچن ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن عالمی وَبا نے اس کی اہمیت کو مزیداجاگر کردیا ہے۔ واربرگ ریئلٹی کے ایجنٹ ایلیسن چیارامونٹے کا کہنا ہے، ’’اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ایسا باورچی خانہ جو فعال ہو اور ساتھ ہی خوبصورت بھی، لوگوں کے لیے بڑھتی ہوئی ترجیح ہے ‘‘۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ، ’’میں دیکھتا ہوں کہ لوگ صرف باورچی خانہ کی خوبصورتی پر نہیں جاتے بلکہ وہ یہ بھی دیکھتے ہیں کہ دن میں کئی بار مختلف طرح کے کھانے بنانے اور اضافی سامان رکھنے کے لیے وہ کس حد تک موزوں رہے گا‘‘۔ وہ مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ باورچی خانہ کی تزئین و آرائش کرنا چاہتے ہیں تو اس میں پینٹری شامل کرنے پر غور کریں۔ پینٹری کی ہمیشہ اپنی ایک اضافی قیمت رہے گی اور خریدار کو اطمینان ہوگا کہ وہ اضافی کھانا اور اضافی چیزیں بآسانی رکھ سکیں گے۔
گھر کے بیرونی حصے کا بناؤ سنگھار
اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ گھر کے کس کونے میں رہتے ہیں۔ عالمی وَبا کی وجہ سے گھر کے بیرونی حصے پہلے کے مقابلے میں اور بھی زیادہ قیمتی ہوگئے ہیں۔ چیارمونٹے کا کہنا ہے کہ، ’’اب وہ زمانہ نہیں رہا جب بعض اوقات لوگوں کے گھروں کے مقابلہ میں چھتیں / بالکنیاں اور عقبی حصہ انتہائی خستہ حال معلوم ہوتے تھے۔ وقت بدل گیا ہے۔ گھر کے بیرونی حصوں کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں گھر کی قیمت بڑھانے کا یہ ایک اچھا طریقہ ہے‘‘۔ اگر آپ آئندہ چند برسوں میں اپنا گھر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ریئل اسٹیٹ ایجنٹ اس بات پر زور دیتا ہے کہ گھر میں شیڈز بنوائیں۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ عالمی وَبا کے وسط میں کیا کرنا چاہیے، تو اس حوالے سے ڈی ایم ایف انٹیرئیرز کی بانی ڈیبورا فریبرگ کا کہنا ہے کہ، ’’اپنے نخلستان کے خوابوں کو سچ کرنے کے لیے اپنا ذاتی جنگل بنانے پر توجہ مرکوز کریں اور لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کریں‘‘۔ قلیل اور طویل مدت کے لیے ان کا مشورہ ہے کہ، ’’گھر کے بیرونی حصے میں سماجی دوری کو مدِنظر رکھتے ہوئے، اپنے تمام تر معاشرتی میل ملاپ کے لیے رنگا رنگ کشنوں والے بِلٹ-اِن بنچ شامل کرنے پر غور کریں‘‘۔