• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کی فوجی مبصرین کی گاڑی پر حملے کی تصدیق

اقوام متحدہ ( یواین) نے راولاکوٹ میں اپنے مبصرین کی گاڑی پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔

یو این نمائندے نے آزاد جموں کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سیکٹر میں اپنے ملٹری مبصرین کی گاڑی سے حادثہ پیش آنے کی تصدیق کی۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق بریفنگ میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین کی گاڑی نامعلوم چیز کی زد میں آئی تاہم کسی کو جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود اقوام متحدہ کے مبصرین کے ساتھ یہ واقعہ اُس وقت رونما ہوا جب وہ روزمرہ کی ذمے داریاں ادا کررہے تھے۔


یو این نمائندے نے یہ بھی کہا کہ ہم معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا اور ہم اس معاملے پر پاکستان اور بھارت کے موقف سے باخبر ہیں۔

آئی ایس پی آر نےگزشتہ روز ایل او سی پر یواین مبصرین کی گاڑی پر بھارتی فائرنگ کی تصدیق کی تھی۔

ایک بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایل او سی پر چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی فورسز نے سیز فائر قانون کی خلاف ورزی کی اور بلااشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے اس دوران اقوام متحدہ کی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جس میں دو فوجی مبصر بھی موجود تھے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کےفوجی مبصرین پولاس گاؤں کے متاثرین سے ملنے جارہے تھے کہ بھارتی فوج نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔

گاڑی میں موجود اقوام متحدہ کے دونوں مبصریں محفوظ رہے، جنہیں پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کیا، یہ بات نوٹ کی جانی چاہیے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں واضح طور پر دور سے بھی پہچانی جاتی ہیں۔

تازہ ترین