ڈیرہ غازیخان (فاروق احمد غوری سے ) وزیر اعلی ٰپنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے دو سال قبل ملتان ڈیرہ روڈ دو رویہ سڑک کے منصوبہ کے اعلان کے باوجود تاحال منصوبہ پر کام کا آغاز نہ ہو سکا ،ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے ساتھ امتیازی سلوک ،ڈیرہ ،ملتان روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے حادثات میں اضافہ ، منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط ، پانچ سالوں کے دوران 2741 حادثات میں3500افراد زخمی جبکہ 500 سے زائد افراد جاں بحق،لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیاں تباہ ہو گئیں، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کو پنجاب کے دیگر اضلاع سے ملانیو الی اہم شاہراہ ملتان ڈیرہ غازیخان روڈ گذشتہ بیس سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ اکثر اوقات ٹریفک جام ہونے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط ہو جاتا ہے ،سندھ ، خیبرپختونخواہ اور خصوصاً صوبہ بلوچستان سے پنجاب کے دیگر علاقوں کو جانے والی ہزاروں گاڑیاں روزانہ ڈیرہ غازیخان ملتان روڈ سے ہی پنجاب کے مختلف اضلاع کو جاتی ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق روزانہ 10ہزار سے زائد گاڑیاں ملتان ، ڈیرہ غازیخان روڈ پر قائم غازیگھاٹ ٹول پلازہ سے گذرتی ہیں جن سے لاکھوں روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے لیکن سہولیات دینے والا کوئی بھی نہیں ہے ۔اکثر مریض ملتان پہنچنے سے قبل ہی راستے میں دم توڑ جاتے ہیں ۔ ٹرانسپورٹرز حاجی جہانگیر خان ، عبدالسلام ناصر پٹھا ن ،خالد بلال سکھانی ، اشرف خان ، چوہدری فاروق و دیگر کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام ہونے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط ہو جاتا ہے شہریوں صفدر حسین ، سجاد حسین کھوسہ ، محمد اجمل ،شاہد افتخار ، محمد عثمان ، حماد رؤف ، محمد شریف، فرخ بلال ، اسماعیل ، ہاشم اللہ ، جاوید احمد ، محمد اسلم ، محمد ارسلان ، نذر حسین ، محمد شہباز ، نعیم خان ودیگر کا کہنا ہے کہ حکومت ڈی جی خان ، ملتان روڈ کی تعمیر وتوسیع کیلئے اقدامات کرے تو انہیں بھی سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکتی ہیں ۔،گذشتہ کئی سالوں سے ایمبولینس پر بطور ڈرائیور خدمات انجام دینے والے ڈرائیورز احمد علی ، محمد یوسف ، نصر اللہ ، محمد شعیب و دیگر نے وزیر اعلی ٰسے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔